’امریکا، پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی مضحکہ خیز کوشش کر رہا ہے‘

IQNA

’امریکا، پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی مضحکہ خیز کوشش کر رہا ہے‘

15:12 - December 12, 2018
خبر کا کوڈ: 3505470
بین الاقوامی گروپ-ڈاکٹر شیریں مزاری نے امریکا کو پاکستان کا نام مذہبی آزادی کی خلاف ورزی سے متعلق ’بلیک لسٹ‘ میں ڈالنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد پر دباؤ بڑھانے کی مضحکہ خیز کوشش کر رہا ہے۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کا بازو مروڑنے اور بھارت کو اقلیتوں کے مذہبی حقوق صلب کرنے کی اجازت دینے کی یہ کوشش ناقابلِ قبول ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکا کو یورپ میں مذہبی آزادی پر لگائی جانے والی سنگین قدغن دکھائی نہیں دیتی جبکہ اس اقدام کے ذریعے پاکستان پر دباؤ کی مضحکہ خیز کوشش کی جارہی ہے۔

 

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپی یونین میں گرجا گھر اور عبادت گاہیں پابندیوں کی زد میں ہیں جبکہ یورپ میں مسلمان خواتین کے حجاب لگانے کے ساتھ ساتھ بعض علماؤں کے داخلے پر بھی پابندیاں ہیں۔

 

ڈاکٹر شییں مزاری نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اس طرف بھارت میں مسلمانوں پر مسلسل تشدد کیے جارہے ہیں اور ان کی مذہبی آزادی نشانے پر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت میں حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) گائے کے ذبیحے پر مسلمانوں کے خلاف تشدد کو ہوا دیتی ہے۔

 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے سکھوں کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کے بعد بھی امریکی اقدام سیاسی بلیک میلنگ کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مسلمانوں کو اجمیر شریف جیسے مذہبی مقامات کی زیارت کی اجازت نہیں دیتا، جبکہ پاکستان ہندو زائرین کا خیر مقدم کرتا ہے۔

 

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ٹرمپ انتظامیہ کو پیغام دیا کہ اگر وہ پاکستان میں مسیحی گرجا گھروں کی موجودگی سے لاعلم ہے تو پاکستان انہیں ان کے بارے میں بتانے کے لیے تیار ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کیتھولک، میتھوڈیسٹ، اینگلیکن، لوتھرن، بیپٹسٹ، پریس بائیٹیرین اور پینٹیکوسٹل نامی گرجا گھروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہی میں ایوینجلیکل، رینیولسٹ اور سالویشن آرمی وغیرہ جیسے گروہ ان گرجا گھروں سے منسلک ہیں۔

 

ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور انہیں ان کے مذہبی تقاضوں کی روشنی میں شادی اور طلاق کی مکمل اجازت ہے۔

نظرات بینندگان
captcha